ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / دہلی اسمبلی انتخاب: راہل گاندھی کل ’نیائے چوپال‘ کے ذریعے دہلی والوں سے کریں گے خطاب

دہلی اسمبلی انتخاب: راہل گاندھی کل ’نیائے چوپال‘ کے ذریعے دہلی والوں سے کریں گے خطاب

Wed, 11 Dec 2024 17:07:45  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی، 11/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی) دہلی اسمبلی انتخابات کے پیش نظر تمام سیاسی جماعتوں نے اپنی تیاریاں تیز کر دی ہیں۔ کانگریس لیڈر راہل گاندھی بھی انتخابی مہم میں سرگرم ہونے جا رہے ہیں۔ بدھ کو وہ دہلی کے اندرا گاندھی اسٹیڈیم میں ’نیائے چوپال‘ کا انعقاد کریں گے، جس کی تمام تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں۔ اس موقع پر کانگریس کے لیڈران اور کارکنان کافی پُرجوش نظر آ رہے ہیں۔ توقع کی جا رہی ہے کہ اس تقریب میں عوام کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔

راہل گاندھی ہمیشہ سے اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ وہ عوام سے براہ راست ملیں اور ان کے احوال جانیں۔ اس کی مثال ’بھارت جوڑو یاترا‘ ہے جب راہل گاندھی نے سینکڑوں کلو میٹر کا سفر پیدل کیا تھا اور لوگوں سے ان کے مسائل جانے تھے۔ ایک بار پھر راہل گاندھی کو عوام کے ساتھ اندرا گاندھی اسٹیڈیم میں بات کرتے ہوئے دیکھا جائے گا، وہ لوگوں سے براہ راست ملاقات کرتے نظر آئیں گے۔ کل ہونے والے پروگرام میں الگ الگ گروپ کے لوگوں سے راہل گاندھی بات چیت کریں گے اور ان کو درپیش مسائل جاننے کی کوشش کریں گے۔ خواتین، دلت، جھگی والوں، غیر منظور شدہ کالونیوں، آٹو ڈرائیوروں سمیت مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد اور کارکنان کے الگ الگ گروپ بنائے جائیں گے۔ اسٹیڈیم کے درمیان میں ایک ’ریمپ‘ بنایا گیا ہے جس پر راہل گاندھی چلتے ہوئے لوگوں سے بات کریں گے۔

قابل ذکر ہے کہ 2013 کے بعد سے ہی کانگریس دہلی کی اقتدار سے باہر ہے۔ کیجریوال کو ایک بہتر متبادل کے طور پر دہلی والوں نے اپنی حکومت سونپی اور گزشتہ 11 سالوں سے دہلی پر کیجریوال کی حکومت ہے۔ اس حکومت کو اقتدار سے باہر کرنا کانگریس کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے، کیونکہ کانگریس کا پورا ووٹ بینک عام آدمی کی طرف چلا گیا ہے۔ کانگریس پارٹی کے لیے ایک خوش آئند بات یہ ہے کہ ایم سی ڈی کے انتخاب میں کانگریس کی کارکردگی کافی حد تک بہتر رہی۔ کانگریس کو دہلی میں اپنی حکومت واپس لانے کے لیے بی جے پی اور عآپ دونوں سے سخت مقابلہ کا سامنا کرنا پڑے گا۔ حالانکہ ’دہلی نیائے یاترا‘ سے کانگریس کو فائدہ ہونے کی امید ہے۔ یاترا کے دوران لوگوں نے کانگریس کے تئیں دلچسپی کا مظاہرہ کیا ہے۔

بہرحال، ایسا نہیں ہے کہ دہلی اسمبلی انتخاب سے متعلق کانگریس کی انتخابی تیاری کل ’نیائے چوپال‘ سے شروع ہو رہی ہے، بلکہ کانگریس نے تو مہینوں پہلے سے اپنی سرگرمی شروع کر دی ہے۔ کانگریس کے دہلی پردیش کمیٹی صدر دیویندر یادو نے ایک ماہ طویل ’دہلی نیائے یاترا‘ کامیابی کے ساتھ گزشتہ دنوں پوری کی ہے۔ اس یاترا کے دوران انہوں نے دہلی کے سبھی 70 اسمبلی حلقوں کا پیدل دورہ کیا اور لوگوں سے ملاقات کر کے ان کے احوال کو جاننے کی کوشش کی۔ ’دہلی نیائے یاترا‘ کے دوران کانگریس پارٹی کو عوام کی زبردست حمایت حاصل ہوئی۔


Share: